کراچی کے جن تاجروں اور صنعت کاروں کو بھتے کی پرچی آرہی ہے وہ مجھے لاکر دیں، میں خود بھتہ دے دوں گا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کا تاجروں کے لیے پیش کش
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروں کو پیش کش کی ہے کہ جس کے پاس بھی بھتے کی پرچی آرہی ہے وہ مجھے لاکر دے، میں خود بھتہ دے دوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: مصدق ملک کی روس سے سستے خام تیل خریداری معاہدے کی خبروں کی تردید
کراچی کی ترقی کی امید
ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نمائش مائی کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ لاہور کی ترقی کو دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے اور مجھے امید ہے کہ کراچی بھی انشاء اللہ ترقی کرے گا۔ شہر کے تاجروں اور صنعت کاروں نے بھتے کی پرچیاں ملنے کی شکایات کیں، انہیں کہتا ہوں کہ اگر اب کسی کے بھی پاس بھتے کی پرچی آئے تو وہ مجھے لاکر دے، میں خود بھتہ دے دوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف سے ایریک میئر کی سربراہی میں امریکی وفد کی ملاقات
آتشزدگی کے واقعات پر تشویش
کراچی میں آتشزدگی کے واقعات پر گورنر سندھ نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں مگر اس پر قابو پانے کا انتظام ہونا چاہیے جبکہ حکمت عملی بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ کراچی کے لیے مخیر حضرات سے 50 فائر ٹینڈرز فراہم کرنے کی بات کی ہے اور انشاء اللہ اس میں جلد پیشرفت ہوگی۔ کراچی شہر فلاحی اداروں کو 250 ارب روپے کے عطیات دیتا ہے۔ پاکستانی معیشت میں کراچی کی اہمیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اس لیے شہر کی ترقی بہت ضروری ہے اور انشاء اللہ کراچی ترقی کرے گا۔
بھارتی دہشت گردوں کی سرگرمیاں
گورنر سندھ نے کہا کہ بھارتی اسپانسر دہشت گردوں کا کسی کو خوف نہیں ہے، ہم دس مئی جیسے جواب سے آپ کو جواب دیں گے، دنیا بھی سمجھ رہی ہے کہ افغانستان سے بھارتی اسپانسر دہشت گرد پاکستان میں سرگرم ہیں۔ مائی کراچی تیرا کراچی میں بدل گیا ہے، آئیے اسے ہمارا کراچی بناتے ہیں۔ گل پلازہ کے متاثرین کے لئے سندھ حکومت نے کراچی چیمبر کے ساتھ جو کام کیا ہے اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔








