جمہوریہ اسلامی ایران کی وزارتِ خارجہ کا اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت کے حوالے سے اعلامیہ جاری
ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت
تہران /اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جمہوریہ اسلامی ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایران کے خلاف صیہونی حکومت (اسرائیل) اور امریکہ کی جارحیت کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا ہے۔
نئی جارحیت کا آغاز
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’ایران کے بہادر اور شریف عوام، ہم وطنوں! ہمارا مقدس اور عزیز وطن، سربلند اور تمدن ساز ایران، ایک بار پھر امریکہ اور صیہونی حکومت (اسرائیل) کی مجرمانہ فوجی جارحیت کا نشانہ بنا ہے۔ امریکہ اور صیہونی حکومت نے آج صبح، نوروز کی آمد پر اور ماہِ مبارک رمضان کے دسویں دن، علاقائی سالمیت اور ایران کی قومی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک کے مختلف شہروں میں دفاعی تنصیبات اور سویلین مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
Iranian spokesperson of the Red Crescent Society: As of this moment, 747 people have been injured and 201 have been martyred during US and Israeli Regime Aggression on Iran. pic.twitter.com/cvV4pMWDXA
— Embassy of Islamic Republic of Iran- Islamabad (@IraninIslamabad) February 28, 2026
سفارتی عمل کے دوران جارحیت
ایران کے خلاف امریکہ اور صیہونی حکومت کی یہ دوبارہ فوجی جارحیت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکہ ایک سفارتی عمل کے بیچ میں تھے۔ اگرچہ ہمیں یقین تھا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت ایک اور فوجی جارحیت کا ارادہ رکھتے ہیں، لیکن ہم نے عالمی برادری پر حجت تمام کرنے کے لیے ایک بار پھر مذاکرات کیے تاکہ ملتِ ایران کی حقانیت اور جارحیت کے لیے کسی بھی جواز کے نہ ہونے کو ثابت کر سکیں۔
ایران کا قانونی حق
ایران کی مسلح افواج اس مجرمانہ جارحیت کا مقابلہ کرنے اور دشمن کی شرارت کو کچلنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیوں اور وسائل کو بروئے کار لائیں گی۔ ایران پر صیہونی حکومت اور امریکہ کے فضائی حملے اقوامِ متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 2 پیراگراف 4 کی کھلی خلاف ورزی اور ایران کے خلاف مسلح جارحیت ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی ذمہ داری
جمہوریہ اسلامی ایران، اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل کو ان کی اس سنگین ذمہ داری کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ وہ امریکہ اور صیہونی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی امن و سلامتی کی کھلی خلاف ورزی کے خلاف فوری اقدام کریں۔
تاریخی امتحان
اور اب، جب تاریخ کا عظیم امتحان آن پہنچا ہے، جمہوریہ اسلامی ایران کی مسلح افواج اس سرزمین کے عظیم حماسی ورثے سے الہام لیتے ہوئے، خداوندِ متعال پر توکل، الٰہی نصرت پر ایمان اور اپنی قومی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے، اپنے عزیز وطن کے جانانہ دفاع میں ذرہ برابر بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گی۔ تاریخ گواہ ہے کہ ایرانیوں نے کبھی بھی جارحیت اور غیر ملکی تسلط کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا؛ اس بار بھی ملتِ ایران کا جواب فیصلہ کن اور حتمی ہوگا اور جارحیت پسندوں کو ان کے مجرمانہ فعل پر پشیمان کر دے گا۔








