سندھ حکومت نے سرکاری افسران کے فیول میں 50 فیصد کمی کا اعلان کردیا
حکومت سندھ کی کفایت شعاری اقدامات
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت سندھ نے توانائی کے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کفایت شعاری اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری افسران کے فیول میں 50 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت قائم کفایت شعاری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں توانائی کے مؤثر استعمال، سرکاری اخراجات میں کمی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں موجود امریکا منتقلی کے منتظر ہزاروں افغان شہریوں کو واپس افغانستان بھیجنے کا فیصلہ
سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں کٹوتی
اجلاس میں سرکاری محکموں کے ساتھ بلدیاتی اداروں کی گاڑیوں کے ایندھن میں بھی 50 فیصد کمی اور سرکاری گاڑیوں کا 60 فیصد حصہ فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ ہوا۔ کفایت شعاری کمیٹی نے سیکرٹری جی اے کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات کی۔
گاڑیوں کے نمبرز کا ریکارڈ
اجلاس میں گراؤنڈ کی جانیوالی گاڑیوں کے نمبرز، دیگر تفصیلات جمع کرنے کے لیے پروفارما تیار کرنے اور کسی محکمے کے ہدایات کی خلاف ورزی پر متعلقہ گاڑی کو تحویل لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت سندھ وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنا رہی ہے، فیصلوں کا مقصد عوامی خدمات کی فراہمی متاثر ہوئے بغیر توانائی کے استعمال میں کمی لانا ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ تمام محکموں کو کفایت شعاری کے ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔








