محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنا دی
شدید ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز وفاقی دارالحکومت اور ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنا دی۔ رپورٹ کے مطابق آج رات ملک کے زیادہ تر مقامات پر موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، شمال مشرقی بلوچستان، زیریں خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرداخلہ محسن نقوی کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات
اسلام آباد کا موسم
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز اسلام آباد اور ارد گرد موسم خشک رہے گا جبکہ بعد از دوپہر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، بعد از دوپہر کرم، ہنگو، پاراچنار، ایبٹ آباد، سوات، دیر، کوہستان اور گردو نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کی کیمبرین پیٹرول مقابلے کے شرکاء سے ملاقات، شاندار کارکردگی پر ٹیم کو مبارکباد
پنجاب میں موسم کی صورتحال
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، بعد از دوپہر مری، گلیات، سیالکوٹ، جہلم، راولپنڈی، چکوال اور گردو نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شر پسندوں نے قانون کی حکمرانی کو روندا
سندھ اور بلوچستان کی صورتحال
سندھ کے بیشتر اضلاع میں خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے تقریباً تمام اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔
آج کا درجہ حرارت
آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چھور، مٹھی 40، ٹنڈو جام اور ٹھٹھہ میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔








