سعودیہ کا دفاع حرمین الشریفین کا دفاع ہے: علامہ زبیر احمد ظہیر کا اجتماع سے خطاب
سعودی عرب کا دفاع اور اسلامی ممالک کی اہمیت
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا دفاع در حقیقت حرمین الشریفین کا دفاع ہے۔ تمام اسلامی ممالک ہمارے لیے بہت محترم اور ضروری ہیں۔ سب کا دفاع اور اتحاد وقت کی آواز ہے، مگر ہمارے دینی اور ایمانی مراکز بیت اللہ شریف اور روضہ رسول پاک ﷺ صرف سعودی عرب میں ہیں۔ اس لیے روئے زمین پر جو فضیلت، عظمت اور اہمیت اس ارضِ پاک کو ہے، اس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ اس لیے روئے زمین کے مسلمان ان مقامات مقدسہ کے تحفظ کے لیے کسی بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی خاتون نے سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد جھنگ پہنچ کر نوجوان سے شادی کرلی
قوم کی سیاسی و عسکری قیادت کی تعریف
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی اور عسکری قیادت اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے کہ خدائی ابابیلوں کی طرح دنیائے کفر کے مقابلے میں اللہ تعالیٰ نے حرمین الشریفین کے تحفظ کی سعادت ہمیں بخشی ہے۔ اس پر ہم جتنا بھی ناز کریں اور اللہ کا شکر ادا کریں، وہ کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل فیصلے کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا
اجلاس کی تفصیلات
وہ مرکزی جامع مسجد امین اہل حدیث چونگی امر سدھو میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس سے علامہ پروفیسر فیاض احمد سلفی، پروفیسر عدنان فیصل ایڈووکیٹ، معروف تاجر رہنما الحاج حکیم اللہ رکھا اور میاں محمد اصغر نے بھی خطاب کیا۔
آل پارٹیز کانفرنس کی منصوبہ بندی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ فیاض احمد سلفی نے اعلان کیا کہ اسلامی جمہوری اتحاد میں شامل جماعتیں مرکزی جماعت اہل حدیث، تحفظ حرمین الشریفین اور جمیعت علمائے احناف ملک بھر میں آل پارٹیز تحفظ حرمین الشریفین کانفرنسیں شروع کر رہی ہیں۔ ہم سعودی عرب کے دفاع کے لیے حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔








