پاکستان بھی کلائیمٹ چینج کے سنگین مسئلہ سے دو چار ،قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنی ہوگی: مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب کا سونامی آگاہی عالمی دن پر پیغام
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سونامی سے آگاہی سے متعلق عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سونامی جیسی قدرتی آفات، فطری عوامل ہیں اور موسمیاتی تبدیلی سے آفات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان بھی کلائیمٹ چینج کے سنگین مسئلے سے دو چار ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا اجلاس آج منعقد ہوگا
بین الاقوامی تجربات سے سیکھنے کی ضرورت
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سونامی کی تباہی سے نمٹنے کے لیے ہمیں بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا اور اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ہے۔ حکومت پنجاب نے جامع کلائیمٹ پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں قدرتی آفات میں انسانی جان و مال کا تحفظ بھی شامل ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ عوام میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے باقاعدہ آگاہی پروگرامز کا انعقاد کر رہے ہیں۔
ناگہانی صورتحال میں حفاظتی اقدامات
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ناگہانی صورتحال میں شہری حفاظتی اقدامات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر میں زلزلے کے نقصانات سے بچاؤ کی تکنیک کو اپنایا جا رہا ہے۔ ماحولیاتی بہتری کے لیے شہری حکومت کا ساتھ دیں۔ دنیا کو یکجا ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔