39 سال کی عمر میں کرسٹیانو رونالڈو کا شاندار ‘فلیش بیک’ گول: مداحوں کی نظر 1000 ویں گول پر
پرتگال کے لیجنڈ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نہ صرف 39 سال کی عمر میں پروفیشنل فٹ بال مقابلوں میں کھیل رہے ہیں بلکہ آئے دن اپنے مداحوں اور حریفوں دونوں کو حیران کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر رونالڈو کا ٹرینڈ کرنا نئی بات نہیں ہے لیکن فٹ بال سے لگاؤ کی وجہ سے کوئی بھی شخص اسے کلک کرکے دیکھنے سے خود کو نہیں روک سکتا، اور جب بات رونالڈو کی ہو تو آپ اپنی لالچ کو نہیں دبا سکتے۔
آج بہت سے شائقین کو یہ ٹرینڈ دیکھنے پر پتہ چلا کہ 39 سال کی عمر میں رونالڈو نے ایک بار پھر ایسا گول کیا جو کسی بھی کھلاڑی کے لیے خواب جیسا ہے۔ یہ ایک ایسا گول ہے جو 19 سال کی عین شباب میں بھی لگانا خواب جیسا ہوگا۔
در حقیقت، کرسٹیانو رونالڈو نے گذشتہ روز جمعہ کو پورٹیو میں یو ای ایف اے نیشنز لیگ 2024-25 کے گروپ مرحلے کے میچ میں پولینڈ کے خلاف اوور ہیڈ کِک یا سائیکل کِک کے ذریعے گول کر کے اپنے انفرادی گولز کی تعداد میں ایک اور گول کا اضافہ کیا۔
انہوں نے اپنے کریئر میں اب تک 910 گول کیے ہیں جو کہ پہلے سے ہی عالمی ریکارڈ ہے اور وہ ہزار گول کرنے سے صرف 90 گول پیچھے ہیں۔ ان کے پرستار پوچھ رہے ہیں کہ کیا وہ ہزار گول کر پائیں گے۔
لوگ ہزار گول کی اس لیے بھی بات کر رہے ہیں کیونکہ رونالڈو نے گذشتہ دنوں خود ہی یہ بظاہر ناقابل حصول ہدف اپنے لیے طے کیا تھا۔
پولینڈ کے خلاف میچ کے 87 ویں منٹ میں رونالڈو نے ساتھی کھلاڑی وِٹِنہا کی طرف سے ملنے والے کراس کو جو کہ سر کے اوپر تھا، اس انداز میں ہوا میں قلابازی کھاتے ہوئے سائیکل کِک کیا، جو ایک زمانے تک یاد رکھا جائے گا۔
چنانچہ اس گول کی کلپ کو یو ای ایف اے کے سوشل میڈیا ہینڈل سے پیش کیا گیا ہے۔
سب سے زیادہ جیت کا ریکارڈ
ان کا یہ حالیہ گول دیکھ کر کئی شائقین کو لگتا ہے جیسے یہ منظر ان کے لیے نیا نہیں ہے۔
سپورٹس کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ان کا سنہ 18-2017 کے یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جووینٹس کے خلاف ریال میڈرڈ کے لیے کیے جانے والے ان کے گول کا فلیش بیک تھا۔
ان کی ٹیم نے ایک کے مقابلے پانچ گول سے اس میچ میں کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ انھوں نے سپین کے کھلاڑی سرجیو راموس کا سب سے زیادہ میچ جیتنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، اور اب راموس کے 131 جیت کے مقابلے میں رونالڈو کے پاس 132 جیت ہیں۔
بہر حال یہ اس میچ میں رونالڈو کا دوسرا گول تھا۔ اس سے قبل 72ویں منٹ میں انھوں نے میچ کا پہلا گول سکور کیا تھا۔ اتفاق سے اس گول میں بھی وِٹِنہا شامل تھے۔ وٹنہا کا شاٹ جیکب کیویئر کے بازو سے لگا اور رونالڈو نے گول کیپر مارسن بلکا کو کاٹتے ہوئے گیند کو سیدھا گول کے اندر پہنچا دیا۔
انھوں نے اس سے قبل سعودی عرب کی ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے بھی اپنی فارم کا مظاہرہ کیا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس سیزن میں اپنے شاندار فارم میں ہیں۔ انھوں نے اب تک کلب اور ملک کے لیے 15 گول کیے ہیں اور اس طرح وہ رواں سیزن میں گول کرنے کے معاملے میں سر فہرست ہیں۔ انھوں نے جاری یو ای اف اے نیشنز لیگ میں اب تک پانچ میچوں میں پانچ گول کیے ہیں۔
اس جیت کے بعد ان کی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں جگہ مل گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر پذیرائی
سوشل میڈیا پر انھیں اس مخصوص گول کے لیے ’گوٹ‘ یعنی گریٹ آف آل ٹائم کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے اور رونالڈو کا مقابلہ میسی سمیت دنیائے فٹبال کے لیجنڈز سے کیا جا رہا ہے اور لوگ طرح طرح کے میمز بھی پیش کر رہے ہیں۔
سی ایف سی جینٹی نامی ایک صارف نے دل کی اموجی کے ساتھ رونالڈو لکھا اور ایک میم شیئر کیا ہے جس میں دو تصاویر ہیں۔ پہلی تصویر میں ایک نوجوان بچہ فٹبال میچ دیکھ رہا ہے جس میں رونالڈو سائیکل کِک سے گول کرتے ہیں اور پھر دوسرے فریم میں وہی بچہ بوڑھا ہو گیا ہے اور رونالڈو پھر سے سائیکل کِک سے گول کر رہے ہیں۔
فیبریو رومانوز نامی صارف نے لکھا: ’کرسٹیانو رونالڈو نے پھر گول کیا۔ یہ کلب اور ملک کے لیے ان کا سیزن کا 15واں گول ہے۔ نیشنز لیگ گیمز میں پانچ میچوں میں یہ ان کا پانچواں گول ہے، اس کے ساتھ آج رات کے میچ میں انھوں نے گول کرنے میں مدد بھی کی ہے۔ یہ ان کا 910واں گول ہے۔‘
بہت سے صارفین ارجنٹائن کھلاڑی لیونل میسی کی ریفری سے لڑنے کی تصویر کے ساتھ رونالڈو کے گول کی تصویر ڈال رہے ہیں اور لکھ رہے ہیں کہ 37 سال کی عمر میں میسی ریفری سے لڑ رہے ہیں جبکہ 39 سال کی عمر میں رونالڈو گول کر رہے ہیں۔
میسی کے پرستاروں کی جانب سے اس کے جواب میں میسی کا ایک گول شیئر کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ گول رونالڈو کے تمام گولوں پر بھاری ہے۔ جبکہ رونالڈو کے فینز ان کے مختلف گول کو شیئر کر رہے ہیں۔
ون فٹبال کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ 35 سال کی عمر کے بعد رونالڈو نے جتنے گول اپنے ملک کے لیے کیے ہیں اتنے تو ارجنٹینا کے لیجنڈ دیاگو میراڈونا نے اپنے پورے کریئر میں نہیں کیے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے گالا کے دوران جب رونالڈو کو قومی ٹیم کے ساتھ 200 میچ کھیلنے کے لیے کوئنا ڈی پلاٹینو سے نوازا گیا اس دوران رونالڈو نے اپنے کریئر کے اہداف کے بارے میں اپنا نقطہ نظر شیئر کیا اور پرتگالی سٹار کے مداح ان کے 1,000 گول کے سنگ میل کے تعاقب پر بہت پرجوش ہیں کیونکہ وہ اب تک 910 گول تک پہنچ چکے ہیں جبکہ میسی ان کے پیچھے 850 سے زیادہ گول کر چکے ہیں۔