جو آج کامیابی کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں، وہی جنگ کو جعلی قرار دے رہے تھے: عظمٰی بخاری

وزیر اطلاعات و ثقافت کا خطاب
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی زیر نگرانی پاکستان نے بھارت کے خلاف ’’بنیان المرصوص‘‘ آپریشن کامیابی سے سر انجام دیا۔ میں ان لوگوں کو جواب دینا ضروری نہیں سمجھتی جو 9 مئی جیسے قومی سانحے کو فالس فلیگ آپریشن قرار دیتے ہیں۔ علیمہ خان اور پی ٹی آئی رہنما مسلسل پاکستان فوج کے خلاف بیانیہ بناتے رہے اور جنگ جیسے حساس معاملے کو ڈرامہ قرار دیتے رہے۔ نواز شریف نہ صرف پاکستان کے سب سے بڑے عوامی لیڈر ہیں بلکہ ان کی قیادت میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی سمت واضح ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھارت جنگ بندی، امریکی صدر کے صاحبزادے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کا پیغام بھی آگیا۔
پاک بھارت کشیدگی اور حکمت عملی
پاک ،بھارت حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنگی حکمت عملی وزیراعظم نے پاک فوج اور نواز شریف سے مشاورت کے بعد ترتیب دی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے عالمی سطح پر سرخرو کامیابی حاصل کی۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کو مکمل اختیارات دیدیئے تھے۔ 10 مئی کو دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ آج دنیا اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ پاکستان کی حکمت عملی مؤثر اور کامیاب تھی، سوائے ان عناصر کے جو ہر صورت میں اپنی سیاسی بقا ءکو ملکی مفاد پر ترجیح دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر تعلیم کا مختلف امتحانی سنٹرز کا دورہ، بوٹی مافیا کا ایک اور نیٹ ورک پکڑ لیا
سماجی بدتمیزی اور افواہیں
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ختم ہوئے ابھی 48 گھنٹے بھی نہیں گزرے اور ملک میں طوفانِ بدتمیزی برپا کر دیا گیا ہے۔ جو لوگ آج اس کامیابی کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں، وہی کل اسے جعلی قرار دے رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شکارپور میں ڈاکو پولیس اہلکاروں سے اسلحہ اور گاڑی چھین کر فرار
مودی کا بیان اور پاکستان کی پوزیشن
عظمیٰ بخاری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی جنون کا شکار ہو چکا ہے، لیکن پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے۔ نواز شریف اور آرمی چیف دونوں نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، مگر دفاع کا حق ہمیشہ محفوظ رکھے گا۔
پاکستان کی طاقت اور یکجہتی
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم نے 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا، اور آج بھی پاکستان ہر محاذ پر مضبوط اور متحد ہے۔