والدین کی بے لوث محبت میری زندگی کا انمول اثاثہ ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب کا والدین کے عالمی دن پر پیغام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے والدین کے عالمی دن (Global Day for Parents) پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زندگی کی کڑی دھوپ میں والدین ٹھنڈی چھاؤں ہوتے ہیں۔ والدین کی بے لوث محبت میری زندگی کا انمول اثاثہ ہے۔ والدین کی اطاعت اللہ تعالیٰ کا حکم، سنت رسولؐ اور مشرقی روایت ہے۔
والدین کی محبت اور قربانیاں
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ والدین کی اپنے بچوں کے لئے محبت اور قربانیاں انسانی فطرت اور جبلت میں شامل ہیں۔ والدین کے بغیر گھر صرف اینٹوں کا مکان ہوتا ہے اور والدین کی موجودگی سے معمولی سا کمرہ بھی جنت بن جاتا ہے۔ والدین ہی اولاد کی ہر کامیابی کی بنیاد رکھتے ہیں۔
والدین کی خدمت اور اطاعت
میں آج جس مقام پر ہوں، وہ شفیق والدین کی تربیت اور دعاؤں کا ثمر ہے۔ اپنے والدین کی خدمت اور اطاعت کو شرف سمجھتی ہوں۔ والدین کی خدمت، عزت و احترام، اطاعت اور دیکھ بھال کو فرض اول سمجھ کر ادا کیجئے۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ سب بچوں پر والدین کا سایہ سلامت رکھے۔
مظلوم بچوں کی یاد
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ان بچوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے جن کے والدین وطن عزیز کی سلامتی پر قربان ہوگئے۔ میں ان والدین کو بھی خراج عقیدت پیش کرتی ہوں جن کے بچوں نے جام شہادت نوش کیا۔