سمڑیال ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی جیت پر عظمیٰ بخاری کا بیان آ گیا

سمڑیال ضمنی الیکشن کی فتح
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سمڑیال ضمنی الیکشن میں جیت مریم نواز پر پنجاب کے عوام کا اعتماد ہے۔ حنا وڑائچ کو کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ فتح عوام کے اعتماد، اور پارٹی کی کارکردگی کا مظہر ہے۔ سمڑیال کا ضمنی الیکشن مسلم لیگ (ن) بڑے مارجن سے جیتی ہے۔ یہ فتح ثابت کرتی ہے کہ پنجاب کے عوام مریم نواز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور وزیر اعظم کا جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال پر ٹیلیفونک رابطہ
دیگر ضمنی انتخابات میں کامیابیاں
انہوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات کے بعد شیخوپورہ سمیت دیگر ضمنی انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، اور آج کی فتح اسی تسلسل کا ایک اور ثبوت ہے۔ عظمیٰ بخاری نے بعض جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے بے بنیاد الزامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو جماعت پنجاب میں بمشکل 400 ووٹ حاصل کرتی ہے، وہ بھی دھاندلی کا شور مچاتی ہے۔ اللہ کی شان ہے!
یہ بھی پڑھیں: شام کی آخری کرنیں، ہلچل اور خاموشی کا منظر
پی ٹی آئی بانی کی تنقید
انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی شدید مایوسی اور ڈپریشن کا شکار ہو چکے ہیں۔ اسی کیفیت میں وہ الٹے سیدھے بیانات جاری کرواتے ہیں تاکہ کارکنوں کا لہو گرمایا جا سکے۔ بشریٰ بی بی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ بشریٰ بی بی ایک سزا یافتہ کرپٹ خاتونِ اول قرار دی جا چکی ہیں۔ انہوں نے خاتونِ اول کے منصب کو کرپشن کی ٹھیکیدار کے طور پر استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: میں پوپ بننا چاہوں گا، ٹرمپ کا ازراہ مذاق بیان
افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی قوم
عظمیٰ بخاری نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے افواجِ پاکستان اور سپہ سالار کے خلاف بیانیے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ افواجِ پاکستان نے اپنے سپہ سالار کی قیادت میں 5 گنا بڑے دشمن پر تاریخی فتح حاصل کی ہے۔ مگر بانی پی ٹی آئی مذہبی ٹچ اور قرآنی آیات کا غلط استعمال کر کے جھوٹ و نفرت کا پرچار کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت
آخر میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو شخص کل تک ڈیل اور این آر او جیسے الفاظ کو بطور ہتھیار استعمال کرتا تھا، وہ آج خود ڈیل کا متلاشی نظر آتا ہے۔ سمڑیال میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی نہ صرف مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا ثبوت ہے بلکہ پنجاب کے باشعور عوام کے سیاسی فہم اور درست فیصلے کا بھی اظہار ہے۔ مسلم لیگ (ن) اپنے ہر منتخب نمائندے کے ذریعے عوام کی خدمت کا عزم دہراتی ہے۔