ملکی، غیر ملکی خریداروں سے بروقت رابطے نہ ہونے سے صنعتکاروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے، احمد عظیم علوی
صنعتکاروں کی تشویش
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)شہر قائد کے سب سے بڑے صنعتی علاقے سائٹ کے صنعتکاروں نے انٹرنیٹ کنیکٹویٹی میں مسلسل خلل، کمزور موبائل سگنلز اور موبائل کمپنیوں کی غیر معیاری سروسز پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عظیم علوی کا کہنا ہے کہ گذشتہ کئی روز سے جاری سست انٹرنیٹ اور ناقص موبائل کنیکٹیوٹی کے باعث مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری روابط شدید متاثر ہو رہے ہیں جس سے بزنس کمیونٹی کو بھاری مالی نقصانات کا اندیشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 858 ارب روپے قرض لے لیا
وزیراعظم سے اپیل
وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل میں انہوں نے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی کہ غیر ملکی خریداروں سے بروقت رابطہ نہ ہونے کے باعث نئے برآمدی آرڈرز اور اہم کاروبای سودے خطرے میں پڑ گئے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری موبائل کمپنیوں اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز پر عائد ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چوہدری محمد اکرم کی طرف سے سحری کا اہتمام، پاکستانی کمیونٹی کی شرکت
رابطوں کی اہمیت
صدر سائٹ ایسوسی ایشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاروباری امور کے لیے رابطے انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور موبائل، انٹرنیٹ کاروباری رابطوں کے لیے سب سے اہم ذریعہ ہیں لہذا سست انٹرنیٹ سروسز اور موبائل کنکٹیویٹی میں مسلسل خلل کی وجہ سے بزنس کمیونٹی کیسے ایک دوسرے سے رابطہ کرے اور کاروباری سودے اور برآمدی آرڈرز کے حصول کے لیے غیر ملکی خریداروں سے کیسے رابطے کیے جائیں؟ اس صورتحال میں صنعتکار برادری کو بہت زیادہ پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ سست انٹرنیٹ سروسز اور موبائل کنکٹیویٹی میں مسلسل رکاوٹ کے باعث برآمدی آرڈرز خطرے میں پڑ گئے ہیں۔
فوری اقدامات کی ضرورت
احمد عظیم علوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور متعلقہ سروس پرووائیڈرز کو اپنی خدمات بہتر بنانے کی سخت ہدایات جاری کریں تاکہ ملکی برآمدات اور صنعتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔








