سعودی وزارت حج و عمرہ نے 1800 غیر ملکی ٹریول ایجنسیز کو معطل کر دیا
سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ کا بڑا فیصلہ
ریاض (آئی این پی) سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے ناقص کارکردگی اور خدمات کے معیار پر پورا نہ اترنے پر 1,800 غیر ملکی عمرہ ٹریول ایجنسیوں کے معاہدے معطل کر دئیے ہیں۔ خلیج میڈیا کے مطابق یہ ایجنسیاں عمرہ شعبے میں کام کرنے والی تقریباً 5,800 ایجنسیوں کا نمایاں حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ؛ پولیس موبائل کے قریب دستی بم کا دھماکا، اہلکار سمیت 7 افراد زخمی
متاثرہ ایجنسیوں کے لئے ہدایت
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ باقاعدہ جائزہ (پیریڈک ایویلوایشن) کے بعد کیا گیا ہے، جس میں متعدد ایجنسیوں کی کارکردگی میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔ وزارت حج و عمرہ کے ترجمان غسان النعیمی کے مطابق متاثرہ ایجنسیوں کو 10 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ نشاندہی کی گئی خامیوں کو دور کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے ذہنی طور فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ جیل میں رہ لیں گے مگر سمجھوتہ نہیں کریں گے، نجم سیٹھی
نئے ویزوں کی معطلی
ترجمان نے واضح کیا کہ معطلی کا اطلاق فی الحال صرف نئے عمرہ ویزوں کے اجرا پر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ایجنسیاں مقررہ مدت میں وزارت کے طے شدہ معیار پر پورا اتریں گی، ان کے معاہدے دوبارہ بحال کر دئیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے وارنٹ گرفتاری برقرار
زائرین کی سہولیات کا تحفظ
وزارت نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جن زائرین کے ویزے جاری ہو چکے ہیں یا جن کی بکنگ پہلے سے موجود ہے وہ اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے اور ان کی سہولیات بلا تعطل جاری رہیں گی۔ غسان النعیمی کے مطابق وزارت آئندہ بھی نگرانی اور جانچ کے نظام کو مؤثر طریقے سے استعمال کرتی رہے گی تاکہ زائرین کے حقوق کا تحفظ اور عمرہ شعبے کی ساکھ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
سخت کارروائی کی تنبیہ
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ مہلت میں خامیاں دور نہ کرنے والی ایجنسیوں کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔








